کنداپور،19؍نومبر(ایس او نیوز) محکمہ جنگلات کے افسران نے باگ واڈی کراس سے مولی کٹّے تک فلمی انداز میں شکاریوں کو گھیرنے کے لئے پیچھا کیا لیکن 15 کیلومیٹر تک افسران کو اپنے پیچھے دوڑانے کےبعد شکاری اپنی بولیرو کار چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاع کے مطابق محکمہ جنگلات کے افسران کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ جنگلی جانوروں کے شکار کی نیت سےکچھ لوگ جنگلاتی علاقے میں گھس گئے ہیں۔ افسران نے فوری طور پر کارروائی کی اور ایک ٹیم ان کی تلاش میں نکل پڑی۔ جب شکاریوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو دیکھا تو انہوں نے چکمہ دے کر نکلنے کے لئے گاڑی کی رفتار تیز کردی اور مختلف راستوں سےگاڑی بھگاتے رہے۔ لیکن افسران نے بھی ہمت نہیں ہاری اورشکاریوں کو گرفتار کرنے کے لئے اسی رفتار سے ان کا پیچھا کرتے رہے۔
تقریباً 15کیلومیٹر تک تعاقب کے بعد شکاریوں نے اپنی بولیرو کار KA 09 P 7218 کینچانور کے مقام پر ایک ناریل کے درخت سے ٹکرائی اور گاڑی وہاں چھوڑ کر فرارہوگئے۔ افسران نے جب گاڑی کی تلاشی لی تو اس کے اندر ایک بڑا تارپولین، لوہے کی سلاخ اور شکاریوں میں سے کسی ایک کا موبائل فون برآمدہوا۔ بولیرو کار سمیت دیگر تمام چیزیں ضبط کرلی گئیں۔مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
شکاریوں کے خلاف اس مہم میں کنداپور زونل فاریسٹ آفیسر پربھاکر کولال، ڈپٹی زونل آفیسر دلیپ اور دیگر عملے نے حصہ لیا۔